نئی دہلی/سہارنپور ،26مئی(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)کانگریس نائب صدر راہل گاندھی کے سہارنپور سفر کا معاملہ سنگین ہوتاجا رہاہے۔ سہارنپور انتظامیہ نے راہل گاندھی کوسہارنپورآنے کی اجازت نہیں دی تھی، لیکن جمعہ کو سہارنپور پہنچے کانگریس لیڈر پی ایل پنیا نے کہا کہ اگر انتظامیہ اجازت نہیں دیتا ہے تو بھی راہل سہارنپور جائیں گے۔اس سے پہلے سہارنپور ضلع کے ایس ایس پی ببلو کمار نے کہا کہ راہل کو سہارنپور آنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ کمار کو ایس ایس پی سبھاش چندر دوبے کی جگہ لایا گیا ہے، جنہیں سہارنپور کے نسلی تشدداورتنازعات کے پیش نظر 24 مئی کو معطل کر دیا گیا تھا۔ راہل کا ہفتہ کو شبیرپور گاؤں جانے کا پروگرام تھا۔ جہاں پانچ مئی کو دلتوں کے مکانوں کو آگ لگائی گئی تھی۔واضح رہے کہ یوگی حکومت کے آتے ہیں20 اپریل، 5 مئی، 9 مئی اور 23 مئی کو یہاں جو واقعات پیش آئے، اس نے اس ضلع کے امن پسند ماحول کو متاثرکیاہے۔ اس دوران ایسا محسوس کیا گیا کہ کہیں نہ کہیں پولیس انتظامیہ کے طریقہ کار میں کمی رہی اور اسی کا نتیجہ رہا کہ یوگی حکومت نے یہاں انتظامی سطح پر نئی ٹیم بھیجی، جو پورے معاملے کا جائزہ لیتے ہوئے اس ماحول کو پرسکون اور معمول میں مصروف ہے۔